نئی دہلی، 16/دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ اور سابق مرکزی وزیرزراعت شرد پوار نے آج کہا کہ نوٹ بند ی کی وجہ سے ربیع فصل کی بوائی متاثر ہوئی ہے کیونکہ کسان کیش کی کمی کی وجہ سے معیاری بیجوں اور کھاد نہیں خرید پا رہے ہیں۔شروع میں کسانوں نے حکومت کی نوٹ بندی کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا تھا لیکن بعد میں وہ نئے نوٹوں کی کمی کی وجہ سے ناخوش ہیں۔فکی کے سالانہ اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوئے پوار نے کہا کہ اس قدم پر صحیح طریقے سے عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے اس کا مطلوبہ فائدہ نہیں ہوسکا ہے۔این سی پی سربراہ نے کہا کہ گاؤں کے کوآپریٹیو بینکوں میں ضروری مقدارمیں کیش نہیں ہے جس پر کسان کافی حد تک منحصر ہیں۔انہوں نے کہاکہ کافی کم کرنسی ہے، کسانوں کو رقم نہیں مل پار ہی ہے، حکومت ہند کا خاص طور پر نوٹ بندی کے بعد کوآپریٹیو بینکوں کو لے کر الگ رخ ہے۔پوار نے کہاکہ اس سے ربیع کی بوائی یقینی طور پر متاثر ہوگی۔اگر کسان معیاری بیج اور کھاد نہیں خرید پائیں گے تو اس سے بوائی متاثر ہوگی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے 500اور 1000روپے کے پرانے نوٹوں پر پابندی لگا دی، بعد میں کسانوں کے مطالبات پر حکومت نے مرکز اور ریاستی حکومت کی ملکیت والی انشورنس کمپنیوں کے ساتھ ساتھ آئی سی اے آر نیزایگلریکلچر یونیورسٹیوں سے 500روپے کے پرانے نوٹ سے بیج خریدنے کی اجازت دے دی۔حکومت نے کھاد کمپنیوں سے کسانوں کو ادھار کھاد فروخت کرنے کے لیے کہا ہے۔